ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تبدیلی مذہب کیس میں گرفتار ڈاکٹرعمرگوتم کی ضمانت بالاخر منظور

تبدیلی مذہب کیس میں گرفتار ڈاکٹرعمرگوتم کی ضمانت بالاخر منظور

Sat, 12 Feb 2022 01:27:34    S.O. News Service

نئی دہلی 11 فروری: (ایس او نیوز/پریس ریلیز) اترپردیش میں تبدیلی مذہب مخالف قوانین کے تحت جبراً اور بہلا پھسلاکر مذہب تبدیل کروانے کےالزام میں گرفتار مشہور اسلامی اسکالر ڈاکٹر محمد عمرگوتم کی جمعیۃ علما مہاراشٹر لیگل ٹیم کی کا میاب پیروی کے نتیجہ میں آج 11/فروری 2022/ بروز جمعہ فتح پور کی خصوصی سیشن عدالت سے ضمانت منظور ہو گئی ہے۔

خصوصی عدالت کے اس فیصلہ سےڈاکٹر عمر گوتم اور ان کے اہل خانہ کو کافی راحت حاصل ہوئی ہے۔ اس مقدمہ کی پیروی جمعیۃ علماء ہند کے صدر حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب کے حکم پر جمعیۃ علماء مہا راشٹرا کی لیگل ٹیم کر رہی تھی۔یہ اطلاع جمعیۃ علماء مہا راشٹرا کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے دی ہے۔

مزید تفصیلات دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مشہور اسکالر ڈاکٹر محمد عمر گوتم جو کہ مختلف ٹرسٹوں کے ذریعہ انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرتے تھے انکے خلاف نورالہدی انگلش میڈیم اسکول میں پڑھانے والی ٹیچر نے ہندو بچوں کو مسلمان بنانے کے ضمن میں تھانہ کوتوالی فتح پور میں شکایت درج کرائی تھی جس پر اتر پردیش پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تعزیرات ہند سمیت سکشن 3 اور 5 اتر پردیش اینٹی کنورزن لاء کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

تحقیقات مکمل کرکے ڈاکٹر عمر گوتم و دیگر کے خلاف چارج شیٹ بھی دائر کی جاچکی تھی. جمعیۃ علماء ہند کی زیر نگرانی کام کرنے والی جمعیۃ علماء لیگل ٹیم سے رابطہ کے بعد جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے لیگل سکریٹری و سینیر کریمنل لائر ایڈوکیٹ پٹھان تہور خان کی نگرانی میں قابل ترین وکلاء کی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے قانونی نکات  اور تجربہ کی بنیاد پر ڈاکٹر عمر گوتم کوفتح پور سیشن عدالت سے ضمانت دلانے میں کامیابی حاصل کی۔

عدالت میں اس کیس کی پیروی ایڈوکیٹ پٹھان تہور خان کے ساتھ لکھنو کے معروف و مشہور نوجوان وکیل ایڈوکیٹ ضیاء جیلانی کر رہے تھے۔،جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی نے ڈاکٹر عمر گوتم کی ضمانت پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں یہ کامیابی بہت اہمیت کی حامل ہے ،ہمیں امید ہے کہ اس سے متعلق دیگر مقدمات میں بھی ہماری لیگل ٹیم کامیابی حاصل کرے گی ۔


Share: